2۔ محبت کرنے والا خُدا کیسے کسی کو جہنم میں بھیج سکتا ہے؟
کسی دوسرے ساتھی انسان کی ابدی مصیبت کا تصور کرنا ہمارے لیے مشکل ہے۔ اگرچہ ہمارے پاس اجنبیوں کے لیے بہت کم پیار، محبت اور ہمدردی ہے، پھر بھی ہم اُنکے لئے جہنم اور ابدی عذاب کا تصور نہیں کر سکتے۔ اس مسئلے کا حل مزید پیچیدہ ہو جاتا ہے جب ہم خُدا کو بیچ میں لے آتے ہیں۔ ایک شریر خدا کسی کو جہنم میں بھیج سکتا ہے، لیکن ایک مہربان اور محبت کرنے والا خدا ایسا کیسے کر سکتا ہے؟
اگر بائبل سکھاتی ہے کہ "خدا محبت ہے"، تو جہنم کا تصور خدا کے کردار سے کیسے مطابقت رکھتا ہے؟
سیدھے الفاظ میں، جہنم موجود ہے کیونکہ خدا محبت ہے۔ یہ شروع میں عجیب لگ سکتا ہے، لیکن ایک بار جب آپ درج ذیل پر غور کریں گے تو شاید آپ اس بیان سے اتفاق کریں گے:
کیونکہ خُدا محبت ہے، اُس نے ہمیں اپنے اچھے یا بُرےاعمال کا انتخاب کرنے کی آزادی دی ہے۔ خُدا نہیں چاہتا کہ ہم انسان، جو اُس کی صورت پر بنائے گئے ہیں، اُس کی مرضی کی پابندی روبوٹس کی طرح کریں۔اگرچہ اس نے ہم سے بہت پیار کیا ہے اور ہمیں یسوع مسیح کی صلیب کے ذریعے نجات کی پیشکش کی ہے، وہ چاہتا ہے کہ ہم اسے رضاکارانہ طور پر منتخب کریں۔ اگر خدا آپ کے ساتھ رشتہ چاہتا ہے، تو وہ آپ کو اس سے محبت کرنے پر مجبور نہیں کرے گا۔ جبری محبت ہرگز محبت نہیں ہوتی۔ کیا آپ ایسی شادی میں رہنا پسند کریں گے جہاں آپ کو معلوم ہو کہ آپ کا شریک حیات آپ سے محبت نہیں کرتا اور آپ کے ساتھ صرف مجبوری کی وجہ سے ہے؟ یقینا نہیں! ہم ایک حقیقی رشتہ چاہتے ہیں جہاں محبت ہی ہمیں جوڑتی ہے۔
ہم دیکھتے ہیں کہ بائبل میں بار بار، خدا لوگوں کو انتخاب کرنے کے لیے بلاتا ہے۔
"آج کے دن انتخاب کرو کہ تم کس کی عبادت کرو گے۔"
یشوع 24:15
اور ہم سب کو ایک ہی سوال کا سامنا ہے: آپ کس کی خدمت کریں گے؟
کیونکہ خُدا بھلا ہے اور تمام خوبصورتی اور بھلائی کا منبع ہے، اگر ہم اُسے چن لیں تو ہم ابدیت اُس کی روشنی میں بستے ہوئے اور اُس کی شاندار تخلیق سے لطف اندوز ہوتے ہوئے گزاریں گے۔ تاہم، اگر ہم اسے مسترد کرتے ہیں، تو ہم ابدیت خُدا اور اس کی تمام نعمتوں سے الگ ہوکر گزاریں گے۔ اگر خدا اچھا ہے اور جہنم خدا سے جدائی کی حالت ہے تو کیا تعجب ہے کہ جہنم خوفناک کیوں ہے؟ جہنم خود بھلائی کا فقدان ہے! خلاصہ یہ کہ جہنم ہماری پسند ہے۔ یہ خدا ہے جو ہمیں وہی دے رہا ہے جو ہم چاہتے ہیں۔
آدمیوں کیلئے ایک بار مرنا اور اور اُسکے بعد عدالت کا ہونا مقرر ہے۔
عبرانیوں 9:27
ہر روز خُدا کا انتخاب کرنے کا ایک نیا موقع ہوتاہے، لیکن ایک بار جب ہم مر جائیں گے، تو اور کوئی موقع نہیں رہے گا۔
خُداوند اپنے وعدہ میں دیر نہیں کرتا جیسی دیر بعض لوگ سمجھتے ہیں بلکہ تُمہارے بارے میں تحمُل کرتا ہے اس لئے کہ کسی کی ہلاکت نہیں چاہتا بلکہ یہ چاہتا ہے کہ سب کی توبہ تک نوبت پہنچے۔"
2پطرس 3:9
اپنے گناہ سے باز آ کر اور خُدا کی طرف رجوع کر کے آج ہی زندگی کا انتخاب کریں!
اگر آپ اس موضوع کے بارے میں مزید جاننا چاہتے ہیں تو ہم سے رابطہ کریں!